حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے حضرت فاطمہ زہرا )سلام اللہ علیہا (کی شہادت کی سالانہ مجلسِ عزا جو مدرسۂ امام امیر المؤمنین علیہ السلام میں منعقد ہوئی، سے خطاب کرتے ہوئے اس المناک مناسبت پر تعزیت پیش کی اور فرمایا:" ہم امید کرتے ہیں کہ حضرت فاطمہ زہرا )سلام اللہ علیہا( کے لطف و عنایت کے سایہ میں ہم خداوندِ متعال کی بارگاہ میں عزت و آبرو کے ساتھ زندگی گزارنے والے بن سکیں۔"
انہوں نے اپنی گفتگو کو تین حصوں میں تقسیم کیا: پہلے حصے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے علمی و معرفتی مقام پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا : اسلام کی اس عظیم خاتون کی سب سے اہم فضیلت ان کا بے مثال علمی مقام ہے۔ جب تک ہم حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا خطبہ نہیں پڑھتے، اس وقت تک ان کے علمی مرتبے کو صحیح طور پر نہیں سمجھ سکتے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا خطبہ فصاحت، بلاغت اور بہترین نظم و ترتیب کا شاہکار ہے۔ اس خطبے کے مختلف حصے ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ آپؑ نےاس خطبه میں اپنی گفتگو کا آغاز توحیدِ الٰہی اور پروردگار کی عظمت سے کیا، پھر رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بلند مقام، قرآنِ مجید کی اہمیت اور احکامِ الٰہی کی حکمت کو بیان فرمایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اس خطبے میں رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیش آنے والے حالات پر بھی روشنی ڈالی اور اپنے والدِ گرامی کی عظیم خدمات، اسلام کے قیام، بت پرستی کے خاتمے اور ظالموں کے خلاف ان کی جدوجہد کو یاد دلایا۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے بستر بیماری کے دوران "قلم و دوات" کے واقعه کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں قلم اور کاغذ طلب کیا تاکہ امت کے لیے ایک اہم تحریر لکھ دیں، لیکن بعض حاضرین نے اس کی مخالفت کی اور انتہائی نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے (نعوذ باللہ) کہا کہ بیماری نے آپ پر غلبہ کر لیا ہے اور آپ ہذیان فرما رہے ہیں۔ یہ واقعہ صحیح بخاری میں بھی نقل ہوا ہے۔
انہوں نے زور دے کر فرمایا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے شدید مصائب اور غم کے باوجود ایسا عظیم خطبہ ارشاد فرمایا، جو نظم، فصاحت، بلاغت اور استحکام کا بے مثال نمونہ ہے، اور یہی ان کے عظیم علمی مقام کی روشن دلیل ہے۔
اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں انہوں نے مسلمانوں کی دفاعی طاقت اور دشمن کے مقابلے میں بازدارندگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سورۂ انفال کی آیت 60 کی تلاوت کی: «وَأَعِدُّوا لَهُم مَا اسْتَطَعْتُم مِنْ قُوَّةٍ وَمِنْ رِبَاطِ الْخَيْلِ تُرْهِبُونَ بِهِ عَدُوَّ اللَّهِ وَعَدُوَّكُمْ».
انہوں نے فرمایا کہ اس آیت میں تین اہم ہدایات موجود ہیں: 1. مسلمان اپنی تمام ممکنہ طاقت دشمن کے مقابلے کے لیے تیار رکھیں۔ 2 یہ تیاری ہر قسم کی طاقت کو شامل ہونی چاہیے۔3. مسلمانوں کی طاقت اتنی مضبوط ہو کہ دشمن ان سے خوف کھائے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ قرآنِ کریم اس آیت کے ذریعے مسلمانوں کو مضبوط دفاعی قوت رکھنے کی تاکید کرتا ہے، لہٰذا انہیں اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرنی چاہیے بلکہ اپنی تمام صلاحیتوں کو امت کی سلامتی اور دشمنوں کے مقابلے کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔
اپنی تقریر کے تیسرے حصے میں انہوں نے عوام کی معاشی اور اقتصادی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش ظاہر کی اور فرمایا کہ ایک اسلامی اور باوقار ملک میں عوام کو عزت اور سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے، نہ کہ وہ ہر روز نئی مہنگائی اور پریشانیوں کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے مطالبات مناسب انداز میں حکومت کے سامنے پیش کریں۔ ایسا ماحول نہیں بننا چاہیے کہ عوام حکومت کے مقابلے میں کھڑے ہو جائیں، لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیشت اور عوامی زندگی پر مؤثر نگرانی رکھے۔
انہوں نے رات کے مظاهروں اور اسلامی نظام کی حمایت میں عوام کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ جو شخص بھی اس عوامی جذبے کو دیکھے گا، وہ حیران رہ جائے گا۔ یہ شرکت صرف ایک یا دو راتوں تک محدود نہیں بلکہ کئی مہینوں سے عوام مثالی جذبے کے ساتھ میدان میں موجود ہیں، اور یہی عوامی طاقت، حکومت کے استحکام کا سبب ہے۔
آخر میں حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے فرمایا کہ حکومت اور ذمہ داران پر لازم ہے کہ وہ ایسے وفادار عوام کی قدر کریں۔ عوام کی حقیقی قدردانی یہی ہے کہ ان کی مشکلات میں ان کا ساتھ دیا جائے اور انہیں معاشی و اقتصادی مسائل کے مقابلے میں تنہا نہ چھوڑا جایے









