اربعین حسینی کی مناسبت پر زائرین کرام کو حضرت آیة اللہ العظمی مکارم شیرازی (مدظلہ) کی چند نصیحتیں

اربعین حسینی کی مناسبت پر زائرین کرام کو حضرت آیة اللہ العظمی مکارم شیرازی (مدظلہ) کی چند نصیحتیں


اربعین بہت ہی قیمتی گوہر اور گرانقدر خزانہ ہے جو کہ اسلام اور مکتب اہل بیت (علیہم السلام) کی عظمت کا سبب ہے ، لہذا اس سے بہتر طریقہ سے استفادہ کیا جائے ۔‌

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اربعین حسینی پوری دنیا کا ایسا عظیم اجتماع ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ، ایسے شہیدوں کی یاد میں کروڑوں لوگ نزدیک اور دور سے پیدل چل کر ان کے مرقدوں کی طرف آتے ہیں جنہوں نے چودہ صدیوں پہلے ظلم وستم کا مقابلہ اور عزت و شرافت کو محفوظ کرنے کیلئے قدم بڑھایا تھا ، یہاں تک کہ کمزور اور معلول افراد بھی ان کے ساتھ ہوتے ہیں اور یہ عزت و شرافت اور آزادگی کی راہ میں قدرت اور فداکاری کا سب سے عظیم مظاہرہ ہے ۔ ہم ان سب کے لئے دعا کرتے ہیں کہ وہ صحیح و سالم جائیں اور صحیح و سالم واپس آئیں اور ان کی زیارت خداوندعالم کی بارگاہ میں مقبول ہو اور ان کی دعائیں مسلمانوں کی نجات کا وسیلہ قرار پائیں ۔

یہاں پر میں ضروری سمجھتا ہوں کہ زائرین کرام اور ان کی خدمت کرنے والے افراد کو چند نکات کی طرف توجہ دلائوں :

اول :  سب لوگ کوشش کریں کہ ان کی نیت کامل طور پر خالص ہو ، لہذا ہر طرح کی ذاتی اور دوسری پارٹیوں کے متعلق تبلیغات کرنے سے پرہیز کریں جو کہ شہدا کے مقدس اہداف کے ساتھ ناسازگار ہے ۔

دوم :  سب ایک دوسرے کی مدد کریں ، خاص طور سے ان لوگوں کی جو کسی بھی وجہ سے راستہ میں پیچھے رہ جاتے ہیں اور ساتھ ساتھ ان کی مشکلات کو حل کریں۔

سوم :  ہر طرح کی جلد بازی سے پرہیز کریں اور ایسا کام انجام نہ دیں جس کی وجہ سے متصل صفوف منقطع ہوجائیں یا خدانخواستہ منی کی طرح دردناک حادثہ پیش آجائے اور ہر حال میں اپنے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔

چہارم :  لمبی زیارتیں پڑھنے سے پرہیز کریں اور مختصر زیارتوں پر قناعت کریں اور دوسروں کے لئے جگہ بنائیں اور ''زُر فانصرف'' (زیارت کرو اور واپس ہوجائو) جیسے قانون پر عمل کریں ۔

پنجم :  انجمنوں کو چلانے اور انتظام کرنے والے افراد ثقافتی مسائل کی طرف پوری توجہ رکھیں اور اس عظیم اجتماع سے اچھی طرح استفادہ کریں ، نمازوں کو اول وقت پڑھیں ، عورتیں کامل طور پر حجاب کی رعایت کریں اور جو چیزیں اس عظیم اور باعظمت اربعین کی توہین کا سبب بنیں ، ان سے پرہیز کریں۔

ششم :  دنیائے اسلام کی مشکلات کے حل ، دشمنوں کے فتنوں ، مظلوموں کو ظالموں کے چنگل سے نجات اور مسلمانوں کے اتحاد اور حاجتوں کے پورا ہونے کے متعلق دعا کریں ۔

ان نکات کے اختتام پر پھر عرض کرتا ہوں کہ اربعین بہت ہی قیمتی گوہر اور گرانقدر خزانہ ہے جو کہ اسلام اور مکتب اہل بیت (علیہم السلام) کی عظمت کا سبب ہے ، لہذا اس سے بہتر طریقہ سے استفادہ کیا جائے ۔

خداوندعالم سب کی حفاظت کرے اور سب کو ان کے مقصد میں کامیاب و کامران فرمائے ۔

ناصر مکارم شیرازی

مطلوبه الفاظ :
captcha