حضرت آیة اللہ العظمی مکارم شیرازی نے ضلع کردستان کی طالبات سے ملاقات کے دوران اس ضلع کی طالبات کے لئے حوزہ علمیہ میںعلمی قیام کے ایجاد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اس کام کو جہاد فی سبیل اللہ کے عنوان سے تعبیر کیا۔
انہوں نے علم حاصل کرنے والوں کی فضیلت میں حضرت امام علی (علیہ السلام) کی ایک حدیث کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : امیرالمومنین علی (علیہ السلام) کی روایت کے مطابق جو لوگ علم حاصل کرنے کے لئے قدم اٹھاتے ہیں خداوندعالم ان کے لئے بہشت کا راستہ کھول دیتا ہے اور فرشتے بھی ان کے لئے اپنے بال و پر زمین پر بچھاتے ہیں اور دنیا کی تمام موجودات ان کے لئے استغفار کرتی ہیں ۔
انہوں نے اس بات کی تاکید کرتے ہوئے کہ علم حاصل کرنے والوں کا مقام بہت زیادہ بلند وبالا ہے ، وضاحت فرمائی : یہ توفیق سب کو نصیب نہیں ہوتی اور آپ لوگوں نے اس راستہ کو اختیار کیا ہے تو تمہیں اپنی قدر کو سمجھنا چاہئے ۔
معظم لہ نے اس جلسہ میں موجود طالبات کو اہم نصیحت کرتے ہوئے فرمایا : اپنے وظایف کو انجام دینے کے لئے زیادہ سے زیادہ اس جوانی کے وقت سے فائدہ اٹھانا چاہئے ، لہذا جب تک جوان ہو اچھی طرح علم حاصل کرو ۔
معظم لہ نے آخیر میں فرمایا : مجھے امید ہے کہ خداوندعالم اور حضرت ولی عصر (عج) کی عنایات تم سب کے شامل حال ہوں گی ۔