میرے استاد حضرت آیة اللہ العظمی شیخ ناصر مکارم شیرازی (دام ظلہ الوارف)
سلام علیکم و رحمة اللہ و برکاتہ
میں بقیة اللہ الاعظم امام مہدی منتظر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے عصر غیبت میں مراجع کرام کے حکیمانہ موقف پر افتخار کرتا ہوں اور اس موقف کا احترام کرتا ہوں اور خداوند قدیر سے دعا کرتا ہوں کہ آپ کا سایہ ہمیشہ ہمارے سر پر باقی رہے اور پوری دنیا میں یتیمان آل محمد کی سرپرستی کے لئے آپ کی حفاظت فرمائے۔
ہم نے یہی سیکھا ہے کہ اسلام کا احترام کریں اور مظلوموں کا دفاع کریں اور اس راہ میں پیش آنے والی سختیوں اور مشکلات کی طرف توجہ نہ کریں ۔ ہم نے عمومی طور پر پاکستانی قوم کے حقوق اور خصوصی طور پر مکتب اہل بیت (علیہم السلام) کے ماننے والوں کے حقوق سے دفاع کرنے کیلئے یہ کام انجام دیا تھا ۔
ہمارے ملک میں ہمارے خلاف دشمنانہ سیاست کو استعمال کرتے ہوئے ٣٥ سال سے زیادہ ہوگئے اور اس عرصہ میں اسلامی اقدار کی حفاظت کی خاطر بہت زیادہ قربانیاں بھی دینا پڑی ہیں اور ہم اس راہ میں اسلامی اتحاد کی تبلیغ کرتے رہے ہیں اور ابھی بھی مذہبی اور فرقہ وارانہ فتنوں سے مقابلہ کرنے کے لئے اس موقف پر ایمان رکھتے ہیں ۔
ہم نے کچھ دن پہلے اپنے بھائیوں کے ساتھ بھوک ہڑتال کی تھی تاکہ حکمرانوں ، سیاسی راہنمائوں اور عقل و ہوش رکھنے والوں کو بیدار کیا جاسکے ۔ اس کام سے ہمارا مقصدیہ تھا کہ پاکستانی قوم کو ان کے حقوق دلائے جائیں اور اجتماعی عدالت اور دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کیلئے قدم بڑھایا جائے ، دہشت گردی نے ہمارے ملک کو ویران کردیا ہے اور اس قوم کے بہترین جوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے ۔
بھوک ہڑتال کے شروع میں آپ نے جو بیان دیا تھا وہ بہت ہی موثر واقع ہوا جس سے بھوک ہڑتال کی مشروعیت کی تاکید ہورہی تھی ، اس تائید اور تصحیح نے ہمیں معنوی قدرت عطاء کی اور ہمیں اپنے اس ارادہ میں ثابت قدم رہنے پر ہمت دلائی لہذا ہم نے ٨٥ دن تک سختی اور مشکلات کو برداشت کیا ۔
''مجلس وحدت مسلمین اور ملت پاکستان'' کا صدر ہونے کی حیثیت سے میں اپنی طرف سے اور اپنے بھائیوں کی طرف سے آپ کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں اور پاکستان میں اپنے بچوں کے حالات اور موقف کی طرف توجہ رکھنے اور ان کے کاموں کو انجام دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
میرے استاد محترم ہمارا مقصد یہ تھا کہ جب تک پاکستانی قوم کے جائز حقوق نہیں ملتے اس وقت تک ہم بھوک ہڑتال جاری رکھیںگے ، چاہے جس قدر بھی قربانیاں دینا پڑیں ، لیکن جس وقت آپ کا خط ہمیں ملا اور ہم نے آپ کی راہنمائی کا مطالعہ کیا اور اپنی شرعی ذمہ داری کی طرف متوجہ ہوگئے تو ہم نے بھوک ہڑتال ختم کردی۔
ان شاء اللہ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور تک مرجعیت کے حکیمانہ راستہ پر گامزن رہیں گے ۔ خداوندعالم آپ کے سایہ کو ہمارے لئے اور اسلامی امت کے لئے ہمیشہ محفوظ رکھے ۔
و ان صلاتی و نسکی و محیای و مماتی للہ رب العالمین
راجہ ناصر عباس جعفری
دبیر کل مجلس وحدت مسلمین پاکستان
١٤/٠٨/٢٠١٦