بسمہ تعالی
حضرت آیة اللہ العظمی مکارم شیرازی (دام ظلہ)
سلام علیکم
جیسا کہ آپ کو معلوم ہوگا کہ ایک عربی ٹی وی چینل جس کا مرکز انگلینڈ ہے ، کئی مہینوں سے ''یوم العذاب'' یا اذیت و شکنجہ کے عنوان سے ایک فلم بنا رہا ہے اور اس نے شیعوں سے کئی لاکھ پونڈ اکھٹے کرلئے ہے ۔اس چینل کے مسئول نے جو کئی سال سے اہل سنت کے مقدسات کی توہین کرتا چلا آرہا ہے ، اس فلم کو بنانے کا ہدف اس طرح بیان کیا ہے :
اس فلم کو مغرب کے مشہور اور بہترین افراد تیار کریں گے اور اس میں حضرت زہرا علیہا السلام کی زندگی کو بیان کریںگے خاص طور پر پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی رحلت کے بعد کے حالات کو مدنظر رکھا جائے گا ۔ دنیا کے لوگ پہلی مرتبہ اس فلم میں دیکھیں گے کہ خلیفہ اول (...) اور اس کے ساتھی کس طرح حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام کے گھر پر حملہ کرتے ہیں اور ان کی بے احترامی کرتے ہیں ! یہ فلم خلفاء ثلاثہ کی شخصیت کو خراب کرنے میں بہترین کردار ادا کرے گی ... یہ فلم حقیقی اسلام اور اسلام کے منحرف ہونے (یعنی سقیفہ کے اسلام) کا فرق بیان کرے گی ... ہم نے قسم کھائی ہے کہ حضرت زہرا علیہا السلام کا انتقام لیں گے !
(فدک چینل پر ''یاسر حبیب کے بیان کا ایک حصہ١٠/٤/٢٠١٦) ۔
اس فلم کی تبلیغ اور اس کو بنانے کے لئے دنیا کے مختلف لوگوں سے مدد حاصل کرنے کی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حضرت آیة اللہ العظمی مکارم شیرازی سے گزارش ہے کہ اس طرح کی فلموں کی حمایت، تبلیغ اور ایسی فلموں کو دیکھنے کے متعلق شرعی حکم کیا ہے ؟
بعض مقلدین ٢٥/٣/٩٥
باسمہ تعالی
یقینا اس طرح کی فلم کو بنانے، منتشر کرنے اور دیکھنے والے افراد گناہ کبیرہ کے مرتکب ہوں گے ، خاص طور پر موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ اس وقت مسلمانوں کے درمیان ہر طرح کا اختلاف دشمنان اسلام کی کامیابی کا سبب ہے ، اس طرح کے کاموں کی بہت ہی سنگین شرعی ذمہ داری ہے اور احتمال قوی ہے کہ (اس فلم کو بنانے میں) دشمنان اسلام کا ہاتھ شامل ہے اور انہوں نے ہی یہ پروگرام بنایا ہے اور خدانخواستہ اگر کوئی اس کام میں کسی کا خون بہایا گیا تو جن لوگوں نے مدد کی ہے وہ سب اس میں شریک ہیں ۔
سب کے سامنے اعلان کردیں کہ جو لوگ تفرقہ آمیز فلم یا پروگرام بنانا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں ، افسوس کی بات ہے کہ یہ لوگ محبین اہل بیت (علیہم السلام) خصوصا حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام کے چاہنے والوں سے سوء استفادہ کررہے ہیں اور اس طرح کی فلموں سے جو پیغام اخذ ہوگا وہ اسلام اور شیعہ اہل بیت علیہم السلام کا پیغام نہیں ہوگا ۔